پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ کے رہنما راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ پارٹی میں سازشی عناصر کو علی ظفر کی رپورٹ کے بعد شرمندگی ہوئی ہے، انہیں استعفیٰ دینا چاہیئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ کے رہنما راجہ ریاض نے کہا کہ علی ظفر نے رپورٹ دی کہ جہانگیر ترین نیٹ اینڈ کلین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین سے متعلق رپورٹ وزیرِ اعظم عمران خان کو دے دی گئی ہے، ہم سرخرو ہو گئے، ہمارے گروپ کا مؤقف کامیاب ہو گیا ہے۔
راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہمارے گروپ کے معاملات کے لیے ایک افسر تعینات کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو چیز غلط ہوگی اس کا ہم حکومت کو احساس دلاتے رہیں گے، ہم کہیں نہیں جا رہے، پاکستان تحریکِ انصاف میں ہی رہیں گے۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ کے رہنما کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا شکریہ جنہوں نے ہمیں نیوٹرل ایمپائر دیا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ کل ہمارے گروپ کی جو میٹنگ ہوئی وہ اسی خوشی میں ہوئی تھی، عمران خان ہمارے لیڈر اور وزیرِ اعظم ہیں۔
راجہ ریاض کا یہ بھی کہنا ہے کہ رپورٹ کے بعد سازشی عناصر کو طمانچہ لگا، انہیں استعفیٰ دینا چاہیئے۔