• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میثاق معیشت کی بات آگے بڑھاؤں گا، شوکت ترین


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہاہے کہ میثاق معیشت کی بات میں نے بہت پہلے کی تھی، شہباز شریف نے میثاق معیشت کی بات کی اس کی تائید کرتا ہوں، کچھ دن پہلے پیپلز پارٹی سے بات ہوئی وہ بھی اس پر گفتگو کیلئے تیار ہیں، وزیراعظم سے بات کر کے میثاق معیشت کی بات کو بڑھاوا دوں گا، دنیا بھر میں حکومت اور اپوزیشن مشکل معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرتے ہیں، طویل مدت کیلئے گروتھ چاہئے تو روز روز پالیسی تبدیل نہیں ہوسکتی، سرمایہ کار طویل مدتی پالیسی فریم ورک چاہتے ہیں،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میثاق معیشت پر آج بھی قائم ہیں لیکن بات کرنے کا طریقہ ہوتا ہے، آج تک اسمبلی میں عوامی مسائل پر بات نہیں ہوئی۔ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ میری شہباز شریف سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی ہے، مجھے اپنا کام کرنا ہے انہیں ٹف ٹائم دینا ہے تو دے دیں، اگر معیشت میں بہتری ہوگی تو اپوزیشن مشکل وقت نہیں دے گی، مجھے بجٹ اجلاس میں معیشت کے بارے میں بامقصد اور منطقی باتیں کرنی ہیں۔ شوکت ترین نے کہا کہ ریونیوز بڑھانے کیلئے تمام شعبوں کو اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، زراعت،تاجر، صنعتکار سب نے ریونیوبڑھانے کیلئے اپنا حصہ شامل کرنا ہوگا، اس وقت ٹیکسز کا زیادہ بوجھ صنعتوں پر پڑرہاہے، زرعی اور سروسز کے شعبوں میں ٹیکسوں کی مد میں بہت کم پیسے آتے ہیں، ریاست کی ملکیت انٹرپرائزز پر ہمارے بہت پیسے خرچ ہوجاتے ہیں ان کی نجکاری پر حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق رائے ہونا چاہئے، برآمدات بڑھانے اور انڈسٹرلائزیشن پر اسٹڈی پالیسی ہونی چاہئے۔

تازہ ترین