• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر، وزیراعظم کی لکی مروت مسجد پر حملے کی شدید مذمت، شہید کیڈٹ کو خراج عقیدت

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مروت میں مسجد پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

صدر آصف زرداری نے لکی مروت میں مسجد پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پی ایم اے کیڈٹ عارف اللّٰہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمارا مذہب عبادت گاہوں اور مساجد پر حملے کی اجازت نہیں دیتا۔ عبادت گاہوں پر حملہ انتہائی بزدلانہ اور غیر اسلامی فعل ہے۔ صدر مملکت نے شہید کے بلندیٔ درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیراعظم کا عارف اللّٰہ شہید کو خراج عقیدت

وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں مسجد پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی۔ وزیراعظم نے چھٹی پر آئے ہوئے زیر تربیت کیڈٹ عارف اللّٰہ کو جامِ شہادت نوش کرنے پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انھوں نے شہید کی بلندیٔ درجات اور اہلِخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا عارف اللّٰہ شہید نے بزدل دشمنوں کے معصوم نمازیوں پر حملے کو ناکام بنا کر جرات و بہادری کی مثال قائم کر دی۔ چھٹی پر آئے ہوئے زیرِ تربیت کیڈٹ سے گوارہ نہ ہوا کہ معصوم شہری دہشتگردی کا نشانہ بنیں۔

انھوں نے کہا کہ پاک فوج کے اس جذبہ حب الوطنی اور مٹی سے عہدِ وفا کی مثال پوری دنیا میں ڈھونڈے سے نہیں ملتی۔ کیڈٹ عارف اللّٰہ شہید کی فرض شناسی اور لگن نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کیڈٹ عارف اللّٰہ شہید اور ان کے اہلِ خانہ مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں، پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ 

انھوں نے کہا دہشتگردی کے ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ پوری پاکستانی قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

قومی خبریں سے مزید