اسلام آباد میں سنگ جانی ٹول پلازہ پر قیدیوں کی تین وینز پر نامعلوم ملزمان نے حملہ کردیا، حملے مں پی ٹی آئی کے تین ایم پی ایز سمیت متعدد قیدی فرار ہوگئے۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ تمام فرار قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا، جنہیں اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس82 قیدیوں کو عدالت پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کر رہی تھی، چار ڈالوں میں سوار ملزمان نے سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب قیدی وینز پر حملہ کیا، ملزمان اسلحہ، ڈنڈے سوٹوں اور پتھروں سے لیس تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، پولیس کے سینئر افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پرموجود ہیں، تمام تر صورتحال کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیے ہیں۔
قیدیوں کی وینز میں ایم پی اے انور زیب، لیاقت، یاسر قریشی بھی موجود تھے، گاڑیوں میں گرفتار سرکاری ملازمین اور پولیس اہلکار بھی تھے، جس کے سنگ جانی ٹول پلازہ پہنچنے پر پہلے سے وہاں موجود ملزمان نے فائرنگ کردی۔
حملے میں ملزمان نے فائرنگ کرکے پریزن وینز کے ٹائر برسٹ کیے، ملزمان کی فائرنگ سے متعدد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی وینز پر حملے میں فرار ہونے والے قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ تین قیدی وینز میں 82 ملزمان موجود تھے جنہیں پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کیا جارہا تھا، سنگجانی ٹول پلازہ کے پاس نامعلوم ملزمان قیدی وین پر حملہ آور ہوئے۔
علی ناصر رضوی نے کہا کہ حملے کے بعد کچھ قیدی وین سے فرار ہوگئے، فرار ہونے والے قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا، فرار ہونے والوں میں 2 ایم پی اے بھی شامل تھے جنہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا، قیدیوں کو اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں میں شامل ایم پی اے کا بیٹا،ایک پولیس اہلکار اور 2 دیگر ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔