وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سندھ میں گورنر راج کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کی باتیں غلط ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے راج کا خاتمہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت چاہے تو پولیس کے بیک اپ کے لیے رینجرز کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت سے مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں، امن و امان کی صورتحال صوبے اور وفاق کا مشترکہ مسئلہ ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کو جس طرح کے اسلحے کی ضرورت ہوگی وہ فراہم کریں گے، سندھ کے مسئلے پر وزیراعظم کو رپورٹ دوں گا۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن سینٹر (نادرا) سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نادرا کراچی میں کرپٹ افسران پر جھاڑو پھیرا جائے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ جعلی اور غلط شناختی کارڈ بنانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، نادرا کراچی کے کچھ کرپٹ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ تمام اسکینڈلز کے خلاف تحقیقات ہوگی۔
شیخ رشید نے واضح کیا کہ وفاق سندھ میں مداخلت نہیں کرنا چاہتا، یہاں گورنر راج کی باتیں بھی غلط ہیں۔