ڈیرہ غازیخان / روجھان (نمائندگان جنگ) بدنام زمانہ لادی ڈکیت گینگ کے خلاف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مشترکہ آپریشن جاری ہے، رینجرز،پولیس،بارڈر ملٹری پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی،کوہ سلیمان میں لادی گینگ کی کمین گاہوں کا گھیراؤ کرلیا ،جبکہ دوسری طرف لٹھانی گینگ نے دو پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا اور اہلکاروں کے عوض ساتھی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں لادی گینگ کیخلاف آپریشن کیلئے رینجرز،پنجاب پولیس،بارڈر ملٹری پولیس کی بھاری نفری قبائلی ایریا کے علاقے میں پہنچ گئیں۔لادی گینگ نے کوہ سلیمان کے پہاڑوں میں کمین گاہیں بنا رکھی ہیں جبکہ لادی گینگ نے بی ایم پی تھانہ کشوبہ سے چند کلو میٹر آگے نوگو ایریا بنا رکھا ہے۔ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے لیے بکتر بند گاڑیاں بھی پہنچا دی گئی۔ڈاکوؤں کی سرکوبی تک آپریشن جاری رہے گا۔