پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 3 سال میں چوتھا سیکریٹری تجارت بھی بدل دیا مگر عوام کی تقدیر بدلنے میں ناکام ہیں۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے 16 فیصد عوام غربت کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیاء کے حصول تک کیلئے مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج وقت نے پھر ثابت کردیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی معاشی اور زرعی پالیسیاں ملک کے بہترین مفاد میں رہی ہیں۔
پی پی چیرمین کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام سے روٹی، کپڑا اور مکان چھین رہے ہیں، تین سالوں میں تین مشیر خزانہ لائے گئے،ایف بی آر کے 4، بورڈ آف انویسٹمنٹ کے 3 چیئرمین تبدیل کیے گئے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کسی کو ہٹانے یا لگانے سے بہتر نہیں ہوتی بلکہ ملک قائدانہ صلاحیتوں سے آگے بڑھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ٹیم ورک کا یہ عالم ہے کہ معاشی ٹیم ایک دن فیصلہ کرتی ہے اور اگلے دن کابینہ اس فیصلے کو مسترد کردیتی ہے۔
عمران خان نے سائیکل والے وزیراعظم کے قصے سنا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی اور ملک کا مستقبل داؤ پر لگادیا ہے۔