سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے عدلیہ مخالف پروپیگنڈہ مہم اور سینئر صحافی اسد طور پر حملے کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد سے سوموٹو نوٹس لینے کی اپیل کر دی۔
عدلیہ مخالف مہم اور اسد طور پر حملے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ بار میں قرار داد منظور کی گئی۔
سندھ ہائی کورٹ بار نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں دوسری نظرِ ثانی اپیل دائر کرنے کی بھی مذمت کی۔
قرار داد میں کہا گیا کہ عدلیہ بالخصوص جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف پروپیگنڈہ مہم چلائی جا رہی ہے، اسد طور پر حملے عدلیہ اور صحافت پر حملے کے مترادف ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ بار نے قرار داد میں اپیل کی کہ چیف جسٹس سوموٹو نوٹس لیں اور لارجر بینچ میں معاملے کی سماعت کی جائے، سوموٹو نوٹس کی کارروائی مطیع اللّٰہ جان کیس کے ساتھ منسلک کی جائے۔
سندھ ہائی کورٹ بار نے پاکستان بار کونسل کی احتجاجی مہم کی حمایت بھی کی اور کہا کہ حکومتی حالیہ اقدامات قابلِ مذمت ہیں۔