لاہور( این این آئی)ایل پی جی کا کاروبار کرنے والے تاجروں نے زمینی راستے سے ایل پی جی کی درآمد بند کرنے کے مجوزہ فیصلے کے خلاف ملک گیر احتجاج کا عندیہ دید یا ہے اجبکہ چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کل بروز پیر کو لاہورمیں اجلاس طلب کر لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ پاک ایران سرحد پر زمینی راستے ایل پی جی گیس کی درآمد پر نئی ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے اور سمندر کے راستے گیس درآمد کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے ایل پی جی پالیسی 2021 کے تحت ایک منظم منصوبے کے تحت ایران سے زمینی راستے کے ذریعے ایل پی جی گیس کی درآمدات روکنے کی کوشش کی جارہی ہے اور سمندر سے گیس در آمد کرنے کا مقصد ایک بااثر مافیا کو فائدہ پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ زمینی راستے سے ایل پی جی کی درآمدات سے نہ صرف لاکھوں خاندانوں بلکہ حکومت بلوچستان کو بھی اربوں کا فائدہ مل رہا ہے ۔ تفتان سرحد پر 75 فیصد کاروبار ایل پی جی کی درآمد سے وابستہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم پر ملک گیر ہڑتال کی جائے گی ۔