اسلام آباد (این این آئی، اے پی پی ) وفاقی وزیر غذائی تحفظ سید فخر امام نے کہاہے کہ ریکارڈ پیداوار کے باوجود ذخائر کیلئے گندم درآمد کرینگے،گزشتہ سال کے مقابلے میں 20لاکھ ٹن زیادہ گندم کی پیداوار ہوئی جس سے عام آدمی کو فائد ہ ہوگا ، رواں برس 30لاکھ ٹن گندم در آمد کرینگے ،مکئی کی پیداوار 8.4 ملین ،چاول کی پیداوار 8.4 ملین اور گنے کی پیداوار 66ملین ٹن رہی ،سندھ میں زیادہ بارشوں کے باعث کپاس کی فصل خراب ہو گئی ،کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے ،حکومت نے 6 ارب روپے صوبوں کو دیئے ہیں ،آئندہ سال کیلئے کپاس کا 10.4 ملین بیلز ہدف رکھا ہے،آسٹریلیا نے دو مزید پلانٹس سے آم کی درآمد کی اجازت دی ،امریکہ کے تمام ائیرپورٹ پر آم کی درآمد ہو سکے گی ،مونگ، پیاز اور آلو کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ، چھوٹے کسان کو کسان کارڈ فراہم کر نے کی کوشش کررہے ہیں ،چھوٹے کسان کو بینک سے لنک کرنے سے بہت فائدہ ہو گا۔ ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مجھے ذمہ داری سونپے ہوئے ایک سال ہو گیا ،کپاس کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے ،اس سال گندم کی پیداوار 27.3 ملین ٹن رہی ،گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 لاکھ ٹن زیادہ گندم کی پیداوار ہوئی ،گندم کے سرٹیفائیڈ بیج کی فراہمی بڑھائی ۔انہوںنے کہاکہ سندھ میں زیادہ بارشوں کے باعث کپاس کی کھڑی فصل خراب ہو گئی ،ہماری کوشش ہے کہ چھوٹے کسان کو کسان کارڈ فراہم کیا جائے،چھوٹے کسان کو بینک سے لنک کرنے سے بہت فائدہ ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ برطانیہ اور ناروے میں کینو اور امردو کی رسائی کی اجازت مل گئی،زرعی شعبے میں حقوق دانش کے اطلاق کا قانون لاگو ہو گیا ہے،اس سال خوردنی تیل کا درآمدی بل ساڑھے چار ارب ڈالر ہو جائے گا،خوردنی تیل کی درآمد روکنے کیلئے سویا بین کی فصل کاشت کرنے کیلئے اقدامات کریں۔