بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان کے شوہر مفتی انس کی طبیعت ناساز ہوگئی جس کے بعد اُنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
گزشتہ روز ثناء خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری میں ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُن کے شوہر مفتی انس اسپتال میں موجود تھے جہاں اُنہیں ڈرپ لگ رہی تھی۔
ثناء خان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مفتی انس کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کریں۔‘
سابقہ بالی ووڈ اداکارہ نے بتایا کہ ’ڈاکٹر نے مفتی انس کے تمام ضروری ٹیسٹ کرلیے ہیں۔‘
اُنہوں نے بتایا کہ ’مفتی انس کو مختلف ملٹی وٹامنز دیے گئے اور ڈرپ بھی لگائی گئی ہے کیونکہ یہ سب اُن کی صحت کے لیے بہت ضروری ہیں۔‘
ثناء خان نے اپنی ایک اور انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ ’اُن کے شوہر ڈرپ لگنے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج ہوکر آگئے ہیں۔‘
بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ نے بتایا کہ ’اُن کے شوہر کو ایک دن میں تین مخلتف اوقات میں ڈرپس لگائی گئی ہیں کیونکہ وہ بہت کمزوری محسوس کررہے ہیں۔‘
خیال رہے کہ ثناء خان نے گزشتہ سال بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس سے شادی کی تھی۔
بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے اپنی شادی سے قبل اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
اس موقع پر ثناء خان کا کہنا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔