• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوبز چھوڑنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا: ثناء خان

گزشتہ سال شوبز چھوڑ کر مذہب کی طرف راغب ہونے والی سابقہ بالی ووڈ اداکارہ ثناء خان نے کہا ہے کہ اُنہوں نے شوبز چھوڑنے کا فیصلہ کرنے کے لیے ایک طویل عرصے تک سوچا کیونکہ اُن کے لیے یہ فیصلہ آسان نہیں تھا۔

ثناء خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں ایک لڑکی دوپٹے کے بغیر آئینے کے سامنے کھڑی ہے جبکہ آئینے میں اُس نے حجاب پہنا ہوا ہے۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر پر انگریزی زبان میں درج ہے کہ ’خود کو تبدیل کرنے سے ڈرو نہیں اور نہ ہی لوگوں کی تنقید سے پریشان ہو، بس یہ یاد رکھو کہ تمہارے لیے سب سے اہم تمہارا اللّہ ہے۔‘

ثناء خان نے یہ معنی خیز تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’میں نے جب پہلی بار انسٹاگرام پر یہ تصویر دیکھی تھی تو میں بہت زیادہ روئی تھی۔‘

سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ’میرے لیے یہ تبدیلی اتنی آسان نہیں تھی، میں نے طویل عرصے تک خود کو بدلنے کے بارے میں سوچا تھا اور اس دوران شیطان نے میرے اندر ایک خوف بھی پیدا کردیا تھا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اُس کے بعد میں نے خود اپنے لیے سالگرہ کے تحفے میں اسکارف خریدے اور جب میں نے اُسے پہنا تو مجھے ایک خوبصورت دُنیا دکھائی دی۔‘

ثناء خان نے کہا کہ ’میری وہ تمام بہنیں، جو اللّہ تعالیٰ کی خاطر خود کو تبدیل کرنے کا سوچ رہی ہیں، وہ دیر نہ کریں اور قدم اُٹھالیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’لوگوں کی پسند تو عارضی ہے لیکن اللّہ تعالیٰ کی پسند ہمیشہ قائم رہنے والی ہے لہٰذا لوگوں کے بجائے اپنے رب کو خوش کریں۔‘

سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ’جو لوگ اپنی آخرت پر غور نہیں کر رہے، اُن سے گزارش ہے براہ کرم غور کریں، یہ آپ کی زندگی کا سب سے بہترین فیصلہ ہوگا۔‘

آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ ہمیں ایک دوسرے کو سیدھا راستہ دِکھانے کا ذریعہ بنائے، آمین۔‘

خیال رہے کہ ثناء خان نے گزشتہ سال بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس سے شادی کی تھی۔

بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے اپنی شادی سے قبل اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

اس موقع پر ثناء خان کا کہنا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔

تازہ ترین