• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیرمیں ہمارے امیدوار جیتیں گے، راجا پرویز اشرف

سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف کاکہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں ہمارے امیدوار جیتیں گے، رہنما این سی او سی نے کووڈ سےمتعلق خط لکھا جس میں آزاد کشمیر انتخابات 2 ماہ کیلئے ملتوی کرنے کا کہا، گلگت بلتستان میں انتخابات ہوئے اُس وقت کورونا نہیں تھا؟ ، پوری دنیا خاص کر امریکا میں کووڈ کی وجہ سے انتخابات ملتوی نہیں ہوئے۔

راجا پرویز اشرف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے آئین میں بالکل واضح ہے کہ انتخابات 60 دن کے اندر ہونے ہیں، آزاد کشمیر الیکشن کمیشن 29 جولائی سے پہلے انتخابات کرانے کا پابند ہے۔

راجا پرویز اشرف نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیرمیں ہمارے امیدوار جیتیں گے اور آئندہ حکومت پیپلزپارٹی کی بنے گی مگر حکومت آزاد کشمیر کے انتخابات چوری کرنا چاہتی ہے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت مہاجرین کے ووٹوں میں ردوبدل کر رہی ہے، انتخابی فہرستیں تبدیل کی جارہی ہیں، وزیراعظم بتائیں کیا یہ آپ کے اصول کے عین مطابق ہیں؟ موجودہ حکومت ہارس ٹریڈنگ کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جمہوریت کی نفی کر رہے ہیں، حکومت اپنی ساکھ کھوچکی ہے، آزاد کشمیر انتخابات میں پری پول اور ٹیکنیکل رگنگ کی جارہی ہے، آزاد کشمیرکی عوام عوامی مینڈیٹ چوری کرنے نہیں دے گی۔

راجا پرویز اشرف نے کہاکہ حکومت کسی قسم کی مداخلت نہ کرے، بین الاقوامی سطح پر کشمیر ایشو کو نقصان ہوگا، پیپلزپارٹی انتخابات ملتوی کرانے اور ہرقسم کی دھاندلی کو مسترد کرتی ہے، آزاد کشمیرکی موجودہ حکومت اور وزیراعظم جو کہہ رہے ہیں اسے نظر انداز نہ کریں۔

ان کاکہنا تھا کہ ہم آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق وفاقی حکومت کی سوچ کو مسترد کرتے ہیں، آزاد کشمیرمیں مقررہ وقت پر غیرجانبدار مصنفانہ انتخابات کا انعقاد کروایا جائے، یہ وفاقی حکومت جو عمل کررہی ہے اس کا نتیجہ ان کو بھگتنا پڑے گا۔

راجا پرویز اشرف نے کہاکہ وفاقی حکومت اپنی منفی سوچ سے مقبوضہ کشمیرکے کیس کو بھی کمزور کررہی ہے، کشمیر میں آزاد شفاف انتخابات ہوں، حکومت کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالے۔

تازہ ترین