• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں لانگ ٹرم منصوبہ بندی صرف مسلم لیگ نون نے کی ہے، احسن اقبال

مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان میں لانگ ٹرم منصوبہ بندی صرف مسلم لیگ نون نے کی ہے، ناقص پالیسیوں کے باعث حکومت کو ہر ضمنی الیکشن میں شکست ہوئی۔

احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مہنگائی ، بےروز گاری اور غربت سے لوگ اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلا نہیں پارہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے قوم کو بھاشن دیا ہم پیچھے اس لیے رہ گئے کہ ہمارےہاں طویل مدتی منصوبہ بندی کافقدان تھا، ن لیگ نے اپنے دور حکومت میں ترقیاتی منصوبوں پر عمل کر کے دکھایا تھا ۔

رہنما نون لیگ نے کہا کہ ہم میڈیم ٹرم منصوبہ دے کر گئے تھے، آپ تو وہ مکمل نہ کرسکے، تین سال ہو گئےیہ ہمارے 12ویں 5 سالہ منصوبے کو مکمل نہیں کر سکے، پاکستان میں لانگ ٹرم منصوبہ بندی صرف مسلم لیگ ن نے کی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ وژن 2025 کو دنیا نے پاکستان کا بہترین ترقیاتی منصوبہ قرار دیا تھا ، آپ جیسے لیڈروں نے ملک کو تباہ کر دیا ، آپ نے پاناما کے نام پر ڈراما کیا ، آپ پاکستان کی دشمن لابی کے آلہ کار بن گئے ہیں۔

انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے 13 ہزار ارب روپے کے قرضے لئے ،  آپ قرضوں کی واپسی سے متعلق جھوٹ بولتے ہیں ، آج ملک میں خسارہ رکارڈ سطح پر پہنچ گیا، اس خسارے کو پورا کرنےکیلئے آپ دونوں ہاتھوں سےقرضےلیےجارہےہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ جو قرض آپ لے رہے ہیں، وہ آنے والی حکومت اور قوم کیلئے پھندا ثابت ہوگا، حکومت نے عام آدمی کیلئے کیا ہے؟ بجلی اور گیس کہاں سستی کی ہے، ناقص پالیسیوں کے باعث آپ کو ہر ضمنی الیکشن میں شکست ہوئی ، ملک کے تمام مافیاز آپ کے پروں کے نیچے ہیں۔

تازہ ترین