اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے کویتی ویزہ کی بحالی ایک دیرینہ مسئلہ تھا، ویزہ بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی، پاکستان اور کویت کے درمیان تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے کویتی ہم منصب شیخ تھامیر السلم الصباح سے وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں پاکستان کویت دو طرفہ تعلقات کے فروغ اورسکیورٹی کے حوالے سے مذاکرات ہوئے جن میں تعلقات کے فروغ کیلئے بین الوزارتی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستانی شہریوں کیلئے کویتی ویزا بحالی پرشکریے کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کویتی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور کویت عوام کے درمیان روابط مزید بڑھنے چاہئیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ ویزہ بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئیگی،د سال سے جدائی کا شکار خاندان کے افراد آپس میں مل سکیں گے، پاکستانی مزدور بہت محنتی اور خوددار ہیں جو کویت کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔