لاہور(نمائندہ جنگ، این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے روز کرپشن کے اسکینڈلز آئینگے تو روٹی مہنگی ہی ہوگی، بے حس،ناہل حکومت میں عوام دو وقت کی روٹی سے بھی گئے،کیا حکمرانوں کو معیشت اور عوام کی تکالیف کا کوئی علم ہے ؟عوام بھوکے اور بیروزگار ہیں، حکمران سب اچھا ہے کی بے حسی کی رپورٹ دے رہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں ،آج ملک کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بحران کا سامنا ہے ،عوام کو آٹا، گندم، چینی، سبزیاں، خوردنی تیل، مرغی، دودھ، انڈے، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قلت کا سامنا ہے ،اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ حکمرانوں کے روز کرپشن سکینڈلز آئیں گے تو عوام کی روٹی روزانہ مہنگی ہی ہوگی ،آٹے کی قیمت میں 57 روپے فی کلو اضافہ ہوا ، یہ 73 فیصد اضافہ ہے ،چینی کی قیمت 120 اور 130 تک گئی ہے، 85 فیصد اضافہ چینی کی قیمتوں میں ہوا،دودھ کی قیمت میں 31 فیصد اضافہ ہوا۔ دودھ فی لٹر 108 روپے یا اس سے زائد قیمت پر فروخت ہورہا ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضرورت کی یہ اشیا ء انتہائی مہنگے داموں فروخت ہورہی ہیں ،اضافی گندم پیدا کرنے والے ملک میں آٹے کی فراہمی کو جو حکومت یقینی نہ بناسکے اس کی کرپشن اور نااہلی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہوسکتا ہے؟۔