وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں سے دو جماعتیں پہلے ہی نکل چکی ہیں اب صرف فضل الرحمٰن اور ن لیگ بلاوجہ شور مچار رہے ہیں، پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہوگئی ہے۔
وزير داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے صحافی اسد طور پر حملے میں ملوث افراد میں سے ایک کے قریب پہنچ گئے ہیں، فنگر پرنٹس حاصل کیے جارہے ہیں، سی سی ٹی وی ویڈيو میں بہت دور تک انہیں فالو کیا گيا ہے۔
شیخ رشید نے بتایا کہ بلڈنگ کے استقبالیہ پر موجود فرد کا کہنا ہے کہ یہ لوگ پہلے بھی آتے رہتے تھے۔
وزير داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ملزمان تک پہنچنا اس لیے بھی ضروری ہے کہ کچھ لوگ اس حملےکی آڑ میں حساس اداروں پر الزام تراشی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک روزہ دورے پر کویت گیا تھا، سال 2011 کے بعد یہ کامیاب دورہ تھا۔
شیخ رشید نے کہا کہ جی ڈی پی 4فیصد ہونے میں بڑا حصہ ترسیلات زر کا ہے، نادرا میں بھی بہتری چاہتے ہیں، کوشش ہے کہ سائبر ونگ کو جدید ایکوئپمنٹ دیا جائے، ،میرے دور میں چھتیس ہزار سائبر کرائمز کے کیسز ہوئے، ہم نے پانچ ہزار تین سو پچپن انکوائریاں کی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب 30 لاکھ ویزے کھولنے جارہا ہے، سعودی عرب کے 30لاکھ ویزوں کاتیس فیصد پاکستان کو ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ کویتی حکومت نےپاکستانیوں کے ویزے کے اجرا پر سے پابندی اٹھا لی ہے، 425 ڈاکٹر اسی ہفتے کویت روانہ ہوں گے، کویتی حکومت تعمیراتی صنعت سےوابستہ ورکرز کیلئے ویزا جاری کررہی ہے۔