اسلام آباد(ایجنسیاں)تربت میں ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن رہنماؤں نے تعزیت کا اظہارکیا ہے ۔ عمران خان نے بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی، بلوچستان کے امن اور ترقی کو سبوتاژ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں اور ان کی دعائیں اور ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کوئٹہ اور تربت میں ایف سی اہلکاروں پر دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداکو خراج عقیدت اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ بدھ کو اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ارض وطن کی سلامتی پر قربان ہوجانے والے بیٹوں پر فخر ہے۔سابق وزیرداخلہ سینیٹر رحمان ملک نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر دہشتگردانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مادر وطن کے تحفظ اور دفاع کے لیے شہدا کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے گزشتہ رات پیر اسماعیل زیارت کے قریب اور تربت میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔