• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطینی اور کشمیریوں کے حقوق کیلئے بچہ بچہ آواز بلند کریگا، جنرل (ر) عبدالقیوم

اسلام آباد ( جنگ نیوز) سابق چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی دفاعی پیداوار ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے گزشتہ روزفلسطین کے سفارت خانے جا کر فلسطین کے سفیر احمد ربی کے ساتھ ملاقات کی اور فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف ہمدردی کا اظہار کیا۔ جنرل عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستان بننے سے پہلے ہی قائداعظم محمد علی جناح نے ایک اجلاس میں فلسطینیوں کے حق میں قرارداد منظور کروائی اور ساتھ ہی علامہ اقبال جنہوں نے پاکستان کا خواب دیکھا تھا نے فلسطینیوں کے حق میں یہاں تک کہہ دیا تھا کہ اگر یہودی یہ کہتے ہیں کہ دو ہزار سال قبل وہ موجودہ اسرائیل کی سرزمین پر قابض تھے اور اس لیے انہیں یہاں رہنے کا حق ہے تو اسی بنا پر پر کیا مسلمان یہ کہہ سکتے ہیں کہ آٹھویں سے سولہویں صدی تک تقریبا آٹھ سو سال سپین مسلمانوں کی حکومت کا حصہ تھا تو اس لیے سپین کے اندر ایک مسلمانوں کی ریاست کا قیام ہونا چاہیے۔جنرل عبدالقیوم نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے پاکستان کا بچہ بچہ اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔ فلسطین کے سفیر احمد ربّی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف پہلے سیاستدان تھے جو فلسطین کے سفارتخانے میں آئے اور اظہار یکجہتی کیا ۔ جنرل قیوم نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اتفاق اور اتحاد سے دنیا کے کونے کونے میں مسلمانوں کے عقیدے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کریں۔
تازہ ترین