• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین و افغانستان سے تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں، شاہ محمود

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، چین اور افغانستان سے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

پاکستان، چین اور افغانستان وزرائے خارجہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے انعقاد سے سہ ملکی تعاون مزید مضبوط ہوگا.

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان، چین اور افغانستان سے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چار سال قبل تینوں ممالک نے سہ ملکی فورم کی تشکیل کے خیال پر غور کیا تھا۔

وزیر خارجہ نے سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ 

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے کو باہم جوڑنے اور بامعنی منصوبہ جات کے ذریعے معاشی ترقی میں اضافہ ممکن ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ بتدریج، مرحلہ وار لیکن ثابت قدمی سے اس فورم کے ذریعے آگے کی طرف کامیاب پیشرفت کی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج کا ہمارا اجلاس ایک اہم وقت پر ہورہا ہے، امریکہ اور نیٹو افواج پہلے ہی افغانستان سے انخلاء شروع کرچکی ہیں، اس کے اہم مضمرات ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری نظر میں افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلاء سے سنگین سیکیورٹی چیلنجز درپیش ہیں۔ 

انھوں نے خطے میں پائیدار امن کے لیے تینوں ہمسائیہ ممالک کو ساتھ مل کر کام کرنے پر زور دیا۔ 

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، چین اور افغانستان ایسے خطے میں واقع ہیں جو بے پناہ مواقع سے مالا مال ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان مواقع سے معاشی اور ترقیاتی تعاون کو فروغ دیاجاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جغرافیائی طور پر تینوں ممالک تاریخی شاہراہوں کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہیں، افغانستان میں پائیدار امن سے ایسا ماحول پیدا ہوگا جو خطے کو باہم ملانے اور معاشی تعاون کا موجب بنے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جدت اور ٹیکنالوجی کی پیش رفت کے ذریعے ایک دوسرے پر انحصار فروغ پائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ نتائج عوام کی ترقی، فلاح و بہبود اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ امید ہے کہ سہ ملکی اجلاس کے ایجنڈے پر ہماری معروضات تعمیری، نتیجہ خیز اور بامعنی ثابت ہوں گی۔

تازہ ترین