اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ حکومت نے چینی شہریوں اور سی پیک منصوبوں سےمتعلق نئی ویزا پالیسی کی منظوری دی ہے۔نئی پالیسی کے تحت چینی شہریوں کے لئے نئے ویزا کی کم از کم مدت دو سال کردی گئی ہے۔ سی پیک منصوبے دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تعلقات کا مظہرہیں،انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں چین کے سفیرنونگ رونگ سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔وزارت داخلہ کے مطابق ملاقا ت میں وزیر داخلہ اور چین کے سفیر نے پاکستان چین دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اورچینی شہریوں کے لئے ویزا سہولیات سی پیک منصوبوں اور پاک چین دوطرفہ تعاون کے معاہدوں پرتبادلہ خیال کیا،وزیرداخلہ نے پاکستان اور چین کے درمیان قائم سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی شہریوں کو اب متعلقہ مشنز سے 48 گھنٹے کے اندر دو سال کا ورک ویزا جاری کرینگے۔