• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان امن سے خطے میں ترقی کو فروغ ملے گا، شاہ محمود

افغان امن سے خطے میں ترقی کو فروغ ملے گا، شاہ محمود


اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن وسلامتی کے نتیجے میں خطے میں باہمی رابطوں اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا،پاکستان، چین اور افغانستان کی امن، خوشحالی اور معاشی ترقی باہم منسلک ہے، پاکستان کے ہمیشہ سے چین اور افغانستان کے ساتھ تعلقات مضبوط تر کرنے کیلئےکوشاں رہا ہے۔ جمعرات کو چین، افغانستان، پاکستان سہ ملکی وزرا خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نےکہا کہ ہم پختہ یقین رکھتے ہیں کہ ہم تینوں ممالک کی امن، خوش حالی اور معاشی ترقی باہم منسلک ہے۔سہ ملکی تعاون مزید مضبوط ہوگا اور روابط کے نئے دروازے کھلیں گے،علاقائی اور دوطرفہ تناظر میں پاکستان کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ چین اور افغانستان کے ساتھ اس کے تعلقات مضبوط تر ہوں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کا ہمارا اجلاس ایک اہم وقت پر ہورہا ہے۔ امریکہ اور نیٹو افواج پہلے ہی افغانستان سے انخلاء شروع کرچکی ہیں، اس کے اہم مضمرات ہیں۔ہماری نظر میں افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلاء سے جہاں سنگین سکیورٹی چیلنجز درپیش ہیں وہاں افغانستان میں امن و مفاہمت اور داخلی تنازعات کے خاتمے کا ایک نادر موقع فراہم کرتا ہے۔اس لئے ہمیں دیکھنا ہے کہ وقوع پذیر صورتحال سے موثر انداز میں نبردآزما ہونے، افغانستان اور خطے میں پائیدار امن وسلامتی کے مشترکہ مقصد کو حاصل کرنے کے لئے ہم تینوں ہمسایہ ممالک، کس طرح مل کر کام کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین