• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی اور حیدر آباد میں کورونا کیسز کم نہ ہو سکے


کورونا وائرس سے سندھ میں اب تک 5 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، سندھ حکومت اور انتظامی مشینری کے استعمال کے باوجود کراچی اور حیدر آباد میں کورونا وائرس کے کیسز کم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔

سندھ حکومت نے کراچی اور حیدرآباد میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔

دکانیں اور صنعتیں بند کی جا رہی ہیں تو وہیں لاکھوں اور کروڑوں روپے جرمانوں کی شکل میں وصول کیئے جا رہے ہیں، لیکن کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 1 ہفتے کے دوران صرف حیدرآباد میں 5 ہزار 302 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیئے گئے جن میں سے 436 نئے کیسز سامنے آ گئے۔

مجموعی طور پر اب تک 18 ہزار 531 حیدرآباد کے شہری کو رونا کا شکار ہوئے ہیں، جبکہ صرف 1 ماہ میں 80 افراد اور مجموعی طورپر 413 افراد جان کی بازی ہار بیٹھے ہیں۔

کراچی اور حیدرآباد میں ایس او پیز پرعمل کرانے کے ساتھ اندرونِ سندھ سنجیدگی کے ساتھ ایس او پیز پر عمل کرانا ہو گا، کیونکہ دیہی اور شہری علاقوں میں نقل و حرکت کورونا کے کیسز میں اضافے کا سبب ہے۔

تازہ ترین