مسلم لیگ نون کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے مطالبہ کیا ہے کہ 12سو ارب کورونا امداد کےغبن کی فوری انکوائری کی جائے کیونکہ یہ کورونا کے نام پر آنے والی امداد کھا گئے ہیں اور اب یہ ریٹائرڈ غریبوں کی پنشن پر بھی ٹیکس لگا رہے ہیں۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ یہ نالائق ہیں نااہل ہیں، 30 سال بھی بیٹھے رہیں ان سے کچھ نہیں ہوگا، یہ قوم کو جھوٹی تسلیاں دے کر اپنی ناکامیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ایک ترجمان کہتا ہے ن لیگ کی حکومت نے بجلی کے مہنگے منصوبے لگائے جبکہ ہم نے ملک کی 6 فیصد ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے سستے منصوبے لگائے تھے۔
اُنہوں نے کہ کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو بحال نہ کرنا، سپریم کورٹ کے فیصلے کی اتنی بے توقیری پہلے کبھی نہیں دیکھی۔
مسلم لیگ نون کے رہنما نے کہا کہ سوشل میڈیا ٹرینڈ بنا کر کشمیریوں کی مدد نہیں ہو سکتی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس 6 سال سے بند ہے، الیکشن کمیشن فوری فیصلہ کرے۔