• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ: آئندہ مالی سال کا بجٹ 15 جون کو پیش کیے جانے کا امکان

سندھ کا مالی سال 22-2021 کا بجٹ 15جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے، صوبائی کابینہ نے سندھ اسمبلی کے بجٹ سیشن سے قبل تجاویز کی منظوری دے دی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی ترقیاتی پروگرام کی مد میں 180 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ 

اسی طرح سندھ کے بجٹ میں لیاری کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان متوقع ہے۔ 

ذرائع نے کہا کہ کراچی کی جاری اسکیموں اور دیگر منصوبوں کے لیے 23 ارب روپے سے زائد رقم مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ 

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مجموعی ترقیاتی بجٹ کا 57 فیصد صحت، تعلیم سوشل پروٹیکشن کے لیے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کی اسکولوں کی تعمیر و مرمت، بنیادی سہولیات کی فراہمی کی اسکیم بجٹ میں شامل ہے۔ 

ذرائع نے بتایا کہ سندھ کے 10 اضلاع میں امراضِ قلب کے ایمرجنسی یونٹس کا قیام بجٹ میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ 

ذرائع کا کہنا تھا کہ محکمہ توانائی کی 5 نئی اور 3 جاری اسکیموں کے لیے 7060 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ 

آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے سندھ حکومت کا کراچی کے لیے 10 نئی میگا اسکیمیں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں کراچی کی میگا اسکیموں کے لیے 23 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ 

ان میگا اسکیموں میں فراہمی آب کی تین اور شاہراہوں کی تعمیر کے منصوبے شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ 

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن اور کیماڑی کے لیے بھی منصوبے صوبائی بجٹ کا حصہ ہوں گے۔

ذرائع نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں سندھ کے ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد تک اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ 

دوسری جانب سندھ کے ملازمین کی پنشن میں بھی 20 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ تنخواہوں میں اضافہ پے اسکیل کے مطابق کیے جانے کی تجویز شامل کی گئی ہے۔ 

کراچی کے لیے بسوں کی خریداری کی مد میں تین ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

تازہ ترین