ملک کی نامور اینکر پرسن رابعہ انعم سمیت دیگر معروف شخصیات نے اداکارہ و ماڈل ایمان علی کے اپنے چہرے سے متعلق حالیہ کمنٹ پر شدید ردعمل دیا ہے۔
ایمان علی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنےچہرے کو خواجہ سرا سے تشبیہ دی تھی۔
ایمان علی کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چِھڑ گئی ہے۔ معروف شخصیات بھی اس بحث میں حصہ لیتے ہوئے ایمان علی پر شدید تنقید کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
پاکستان کی معروف اینکر پرسن اور رمضان ٹراسمیشن کی میزبان رابعہ انعم نے ایمان علی کے بیان کو بیوقوفانہ قرار دیتے ہوئے اپنا ردعمل دیا۔
انہوں نے لکھا کہ ’کوئی ایسے بیوقوف اداکاروں کا منہ بند کرواؤ یار، ہر نئے دن کوئی نئی بیوقوفانہ بات کردیتے ہیں۔‘
اداکارہ سونیا حسین نے اس تمام بحث سے قطع نظر ایک اسٹوری شیئر کی جسے سوشل میڈیا صارفین ایمان علی کے بیان سے جوڑ رہے ہیں۔
سونیا حسین کا اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہنا ہے کہ کیا واقع ہم اتنے برے دور میں جی رہے ہیں کہ جہاں کسی کے بارے میں کہنے کو یا لکھنے کو کچھ اچھا باقی نہیں رہا۔
واضح رہے کہ ایمان علی کا شمار پاکستان کی کامیاب اور مقبول ترین ماڈلز میں ہوتا ہے، اس کے علاوہ وہ پاکستان کی سُپر ہٹ فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دِکھا چکی ہیں، جن میں ’بول‘، ’ماہِ میر‘ اور ’خُدا کے لیے‘ شامل ہیں۔