وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور پاکستان کے لیے امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری لیسلی وی ویگیوری نے ملاقات کی۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پاک امریکا دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
اس دوران امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس میں ملوث عمر شیخ، انسانی اسمگلنگ، منشیات کی روک تھام سے متعلق اقدامات اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔
امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کے لئے پاکستان کی حالیہ کوششوں کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ انسانی اسمگلنگ اور منشیات کیسز میں کارروائی مزید تیز کرنے کے خواہشمند ہیں۔
اس پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے حکومت نے 2 نئے قوانین نافذ کیے ہیں۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ امید ہے نئے قوانین پاکستان میں انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے مددگار ثابت ہوں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے پاک افغان سرحد پر باڑ بھی بہت موثر ثابت ہورہی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ برس انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، قانون کے مطابق سزائیں پائیں گے۔