• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیشت مستحکم، اب پیداوار بڑھائیں گے، قرض میں اضافہ گزشتہ سال سے کم،ٹیکس وصولی تخمینے سے زیادہ ہوگی، کھانے پینے کی اشیاء 13.4 فیصد مہنگی، اقتصادی سروے

کھانے پینے کی اشیاء 13.4 فیصد مہنگی، اقتصادی سروے


اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) وزیر خزانہ شوکت ترین نے اقتصادی سروے جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت اب مستحکم ہوگئی ہے ، اب پیداوار بڑھائیں گے ، ملکی قرض میں اضافہ گزشتہ سال سے کم ہوا، ٹیکس وصولی تخمینے سے زیادہ ہوگی، کھانے پینے کی اشیاء 13.4؍ فیصد مہنگی ہوگئیں۔

کورونا کے باعث 2.07؍ کروڑ بیروزگار ہوئے تاہم 31.80؍ لاکھ اب بھی بیروزگار ہیں باقی واپس روزگار پر آگئے، بجٹ میں غریب پر توجہ دیں گے، کسان کیلئے گندم کی قیمت 500روپے من بڑھائی ، شرح نمو 7سے 8فیصد ہوگی، سرکاری قرضے 38؍ ہزار ارب ہوگئے۔

برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اور ترسیلات زر 20؍ ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں ، مینوفیکچرنگ 9، زراعت 2.7؍ فیصد بڑھی، چینی کی قیمت 12ماہ میں عالمی مارکیٹ میں 58؍ فیصد بڑھی ہم نے صرف 19؍ فیصد کا اضافہ کیا، ایف بی آر کی ٹیکس وصولی میں رواں مالی سال کے 11؍ ماہ 4200ارب روپے ہو گئی۔

اگلے مالی سال کا ٹیکس وصولی کا ہدف 58؍ کھرب روپے رکھا ہے، پرائمری بیلنس پانچ سال میں پہلی مرتبہ سرپلس ہوا ہے،ایف بی آر کی ہراسمنٹ ختم کریں گے، امریکا سے پیسے نہیں تجارت چاہتے ہیں ، اقتصادی شرح نمو کا ہدف 2.1؍ تھا لیکن یہ گروتھ 4؍ فیصد سے زائد ہوجائے گی۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے گزشتہ روز وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی خزانہ وریونیو ڈاکٹر وقار مسعود ، معاون خصوصی سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور سیکرٹری خزانہ یوسف خان کے ہمراہ اقتصادی سروے پیش کیا ۔ 

وزیر خزانہ شوکت ترین نے رواں مالی سال کی اقتصادی صورتحال کا تفصیلی احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ ترسیلات زر 20؍ ارب ڈالر سے بڑھ گئی ہیں، برآمدات میں اضافہ ہو اہے۔

تازہ ترین