گوادر ( نامہ نگار) فش ٹریڈرز مول ہولڈرز یونین گوادر کا اپنے مطالبات کے حق میں ہاربر کم منی پورٹ کے مرکزی گیٹ پر احتجاجی دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا۔ احتجاج کے باعث ہاربر کی سرگرمیاں مسلسل دوسرے دن معطل رہیں۔ فش ٹریڈرز مول ہولڈرز یونین گوادر کے احتجاجی دھرنے میں سیاسی جماعتوں اور ماہی گیر رہنماؤں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ہاربر انتظامیہ کی نئی ایگریمنٹ پالیسی مقامی کاروباری افراد کو کاروبار کے مواقع سے محروم کرنے کی سازش ہے۔