• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک پولیس میں سزاو جزاء کا عمل جاری ہے،عباس مجید مروت

پشاور( کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر پشاور نے کہاہے کہ ٹریفک پولیس میں سزاو جزاء کا عمل جاری ہے ۔سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے بہتر کارکردگی پر اہلکاروں میں توصیفی اسناد اور نقد رقوم تقسیم کی تقریب کے دوران چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک عملے کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران و اہلکار پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی پر عمل پیرا ہو کر ڈیوٹیاں انجام دیں اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران و اہلکار پوری جانفشانی کیساتھ ٹریفک کی روانی اور شہریوں میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کیلئے کردار ادا کریں، چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور میں سزا و جزا کا عمل اسی طرح جاری رہے گا بہتر کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی جبکہ غفلت برتنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائیگی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے آپریشنل عملے کی طرح دفتری عملے کی کارکردگی کو بھی جانچا جائیگا بہتر کارکردگی کو سراہا جائیگا جبکہ غفلت برتنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے ٹریفک حکام اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی کرنیوالوں اور تجاوزات مافیا کیخلاف بلا تعطل آپریشن جاری رکھیں اور کسی کیساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائیگی۔
پشاور سے مزید