• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رِض احمد فلموں میں مسلمانوں کی نمائندگی کے انداز کو بدلنے کیلئے کوشاں

برطانوی اداکار رِض احمد نے فلموں میں مسلمانوں کے دکھائے جانے والے انداز میں بہتری لانے کی کوشش کا آغاز کر دیا ہے۔

رض احمد کا کہنا ہے کہ فلموں میں مسلمانوں کے دکھائے جانے والے انداز پر تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مسلمان کرداروں کو فلموں میں بمشکل ہی دکھایاجاتا ہے اور مسلمانوں کے جو کردار بڑے پردے پر دکھائے جاتے ہیں وہ منفی ہوتے ہیں۔

اداکار رض احمد نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اس بارے میں بتایا ہے کہ انہوں نے مسلمانوں کی بڑے پردے پر نمائندگی میں بہتری لانے کے لیے اننبرگ انکلوژن انیشی ایٹو، پلرز فنڈاور فورڈ فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر ایک چھوٹی سی کوشش کا آغاز کیا ہے ۔


رض احمد نے بتایا کہ ’اسکرین پر مسلمانوں کی نمائندگی صرف ان پالیسیوں کے لیے کارآمد ہوتی ہے جو نافذ کی جاتی ہیں۔‘

اداکار نے اس حوالے سے ہونے والی تحقیق کے بارے میں بتایا کہ ’اننبرگ انکلیوژنشن انیشی ایٹو کی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ 2017ء سے لے کر 2019ء میں ریلیز ہونے والی تمام کامیاب ہونے والی فلموں میں سے 10 فیصد سے بھی کم فلموں میں کم سے کم ایک مسلمانوں کی نمائندگی کرنے والا کردار ملا۔‘

رض احمد نےبتایا کہ ’تحقیق کے مطابق فلموں میں مسلمان کرداروں کو کسی دہشت گرد یا غدار کے طور پر دکھایا گیا تھا یا پھر آدھے سے زیادہ کردار تشدد کا شکار تھے۔‘

38 سالہ ادکار نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ مسلم اداکاروں، مصنفوں اور پروڈیوسرز کو فلم اور ٹی وی کے کاروبار میں شامل کرنے کے لیے فنڈ کی مدد سے ہمیں مسلمانوں کی بڑے پردے پر نمائندگی کے انداز کو بدلنا ہوگا۔

اس حوالے سےاداکار نے لوگوں سے ان کا ساتھ دینے کی اپیل بھی کی، ان کا کہنا ہے کہ وہ یہ کام اکیلے نہیں کرسکتے ہیں اس اقدام کے لیے انہیں سب کےحمایت کی ضرورت ہوگی۔

واضح رہے کہ برطانوی اداکار رض احمد آسکر ایوارڈز میں بہترین اداکار کے لیے نمائندگی حاصل کرنے والے پہلے مسلمان اداکار ہیں۔ 

تازہ ترین