• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوٹن میں سٹونی گیٹ پر چاقو کے وار سے نوعمر لڑکا ہلاک

لوٹن (نمائندہ جنگ) چاقو کے وار سے زخمی16 سالہ نوعمر لڑکا زخموں کی تاب نہ لاکر اسپتال میں ہلاک ہوگیا، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پولیس کو اطلاع ملی کہ لوٹن کے سٹونی گیٹ روڈ پرایک نوعمر لڑکے کو چاقو کے وار سےزخمی کردیا گیا ہے ،پولیس نے زخمی کو اسپتال پہنچایا جہاں اس کی موت ڈیکلیئر کردی گئی ۔متوفی کی باضابطہ شناخت اب تک جاری نہیں کی گئی ہے البتہ ا س کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے ۔پولیس نے واقعہ میں ملوث ہونے کے شبہہ میں دو نو عمر افراد کو حراست میں لے لیا ۔بیڈفورڈشائر پولیس سے تعلق رکھنے والے چیف سپرنٹنڈنٹ جان مرفی نے کہا ہے کہ پر تشدد واقعہ سے ایک نوعمر لڑکے کی زندگی چلی گئی ہے۔ ہم نے اس افسوسناک حملے کے آس پاس کے حالات کو ایک ساتھ دیکھتے ہوئے ماہر افسران کو تعینات کیا ہے اور ہماری ہمدردیاں متاثرہ فرد کے لواحقین کے ساتھ اس کے دوستوں اور وسیع تر کمیونٹی کے ساتھ ہیں جو اس خبر سے پریشان اور غمزدہ ہوں گے۔ہمیں یقین ہے کہ یہ ایک انفرادی واقعہ تھا جس سے دیگر لوگوں کو قطعی کوئی خطرہ نہیں ہے۔پولیس افسران لوگوں کا عدم تحفظ دور کرنے کیلئے علاقہ میں گشت کریں گے۔اس طرح کے جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو ہرگز نہیں بخشا جائے گا۔واقعہ کی تہہ تک پہنچنے کیلئے تفتیش جاری ہے۔اگر کسی شہری کے پاس واقعہ سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو وہ پولیس سے شیئر کرے ۔ خیال رہے کہ بیڈ فورڈ شائر تشدد اور استحصال کم کرنے کا یونٹ The Bedfordshire Violence and Exploitation Reduction Unit چاقو کے جرائم اور کاؤنٹی لائنز سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرتا ہے۔
تازہ ترین