• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکاٹ لینڈمیں سائیکل سواروں کی حفاظت کیلئے پولیس کا آپریشن

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) سکاٹ لینڈ کی پولیس سائیکل سواروں کی حفاظت کے لئے آپریشن کلوز پاس Close Pass کے نام سے سڑکوں پر ایک نیا آپریشن شروع کر رہی ہے۔آپریشن کے تحت ایسے کار ڈرائیور جو کسی سائیکلسٹ کے پاس سے گزرتے ہوئے ایک کار سے کم فاصلہ رکھ کر ان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالیں گے تو پولیس ان کو روک کر وارننگ دے گی اور اگر کسی نے اس وارننگ کو پوری توجہ سے نہ سنا تو ان کو غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک ڈرائیورنگ کے الزام میں عدالتی سمن بھیجا جائے گا۔ اس آپریشن کے دوران پولیس آفیسر سادھے کپڑوں میں ملبوس ہوکر خود بھی سائیکل پر سواری کریں گے۔ کسی سائیکلسٹ کے پاس سے ایک کار سے کم فاصلہ رکھنا بداحتیاطی کی ڈرائیونگ میں آتا ہے اور ایسا کرنے والے کار ڈرائیور کو تین پوائنٹس کے علاوہ سو پونڈ جرمانہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ سائیکلنگ سکاٹ لینڈ کے ڈینس ہملٹن نے کہا کہ روڈ ٹریفک سے علیحدہ سائیکلسٹ کے لئے خصوصی لین کا نیٹ ورک بنانا ہماری پہلی ترجیح ہونا چاہئے۔ ایک ایسے وقت میں جب کہ بے شمار نئے لوگ سائیکل سواری کی طرف راغب ہو رہے ہیں ان کی حفاظت کے اقدامات کرنا نہایت ضروری امر ہے۔ یونیورسٹی آف ویسٹ منسٹر کی ایک ریسرچ کے مطابق ایسے افراد جو باقاعدگی سے سائیکلنگ کرتےہیں ان کو بعض اوقات ایسے خطرناک واقعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کہ وہ اسے ہمیشہ کے لئے خیرباد کہنے کا سوچنے لگتے ہیں۔ سائیکلنگ سکاٹ لینڈ کے مطابق یہاں ہر ہفتے تین افراد سائیکلنگ کرتے ہوئے شدید زخمی ہوتے ہیں۔
تازہ ترین