• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جھوٹوں کے لشکر سے عوام کو خیر کی توقع نہیں‘ حافظ حمداللہ

کوئٹہ ( آئی این پی )جمعیت علماءاسلام پاکستان کے مرکزی رہنما و مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ مولانا حافظ حمداللہ نے کہاہے کہ غریب عوام کو بجٹ میں ریلیف کی توقع نہیں نااہل حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے غریب مہنگائی کی چکی میں پسا جارہا ہے بڑھتی مہنگائی اور غربت و بے روزگاری نے عوام کو دو وقت کی روٹی کا محتاج بنادیا۔ ملک پر مسلط جھوٹوں اور وعدہ خلاف لشکر سے خیر کی توقع نہیں ۔حکومت اپنی نااہلی اور ناقص کارکردگی کاملبہ سابقہ حکومتوں پر ڈال کر شرماتی بھی نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دارالعلوم عبیدیہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جمعیت ضلع لیہ کے سابق ضلعی جنرل سیکرٹری قاری منور حسین نے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے کہاکہ جھوٹ اور وعدہ خلافی میں موجودہ حکومت کا کوئی ثانی نہیں‘ اپنی نااہلیت کا ملبہ سابقہ حکومتوں پر ڈال کر نہیں تھکتی‘ حکومتی وزراء نااہل اعظم کی نااہلی کا دفاع کرکے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ ملک میں بداخلاقی بہتان اور گالیوں کی سیاست حکمران جماعت کی ایجاد کردہ ہے اور یہی طرز سیاست ہی ان کے گلے کا طوق بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو حکومت سے بجٹ میں ریلیف کی توقع نہیں نااہل حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے غریب مہنگائی کی چکی میں پسا جارہا ہے بڑھتی مہنگائی اور غربت و بے روزگاری نے عوام کو دو وقت کی روٹی کا محتاج بنادیا۔
کوئٹہ سے مزید