• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دُنیا کا سب سے بڑا جانور ’ہاتھی‘ کتنے سال تک زندہ رہ سکتا ہے؟

ہاتھی دُنیا کا سب سے بڑا جانور ہے اور یہ سب سے زیادہ منفرد جانوروں میں سے ایک ہے، اس جانور کی خصوصیات کی بات کریں تو اس کی ایک طویل فہرست ہے لیکن وہ خصوصیات جو اسے دُنیا کے دیگر جانوروں سے منفرد بناتی ہیں، اُن میں اِس کے لمبے دانت، سونڈ، بڑے کان اور ایک بھاری بھرکم جسم ہے۔

ہاتھی کی عام طور پر تین اقسام پائی جاتی ہیں جن میں ایشیائی ہاتھی، افریقی ہاتھی اور افریقی بش ہاتھی شامل ہیں، ایشیائی ہاتھی کو انڈین ہاتھی بھی کہا جاتا ہے جبکہ ہاتھی کی یہ تمام اقسام زیادہ تر جنگل میں ہی رہتی ہیں جہاں یہ اپنی زندگی گُزارتے ہیں۔

ویسے تو ہم سبھی ہاتھی کے بارے میں عام معلومات جانتے ہیں لیکن آج ہم آپ کو ہاتھی کے بارے میں وہ دلچسپ اور خاص معلومات دیں گے جو پہلے شاید ہی آپ کو معلوم ہو۔

ہاتھی کے بارے میں دلچسپ معلومات:

ایشیائی ہاتھی، افریقی ہاتھیوں سے قدرے چھوٹے ہیں اور ساتھ ہی ان ہاتھیوں کے کان بھی افریقی ہاتھیوں سے چھوٹے ہوتے ہیں، ایشیائی ہاتھیوں کی جِلد عام طور پر گہری بھوری رنگ یا بھوری ہوتی ہے لیکن ان کے چہرے، کانوں پر اکثر گلابی یا پیلے رنگ کے نشانات ہوتے ہیں۔

ہاتھی ناصرف زمین کا سب سے بڑا زندہ جانور ہے بلکہ اس کا مقابلہ کرنے کے لیے دماغ کا وزنی بھی ہونا لازمی ہےکیونکہ عام طور پر ہاتھیوں کا دماغ 5 کلو گرام تک وزنی ہوتا ہے اور بلاشبہ ہاتھی کا دماغ زمین پر رہنے والے جانوروں میں سب سے زیادہ وزنی ہوتا ہے۔

ایک ہاتھی کی اوسط عمر 50 سے 70 سال تک ہوتی ہے لیکن ابھی تک دُنیا میں جس ہاتھی نے سب سے زیادہ زندگی گُزاری اُس کی عُمر 86 سال تھی۔

بالغ ہاتھی اپنی خوراک میں تقریباََ 16 گھنٹے گزارتے ہیں، انہیں ہر دن 300 کلو گرام خوراک اور 160 لیٹر پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔

ہاتھیوں کو سب سے زیادہ گنّا پسند ہوتا ہے، مگر اس کے ساتھ ہی ہاتھی دیگر پھل، گھاس اور سبزیاں بھی شوق سے کھاتا ہے۔

ہاتھی کے جسم کا سب سے خاص حصہ اُس کی سونڈ ہے جس میں سونگھنے کی صلاحیت بہت تیز ہوتی ہے، ہاتھی اپنی سونڈ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ وزنی چیزیں اٹھا سکتا ہے اور اس کے ساتھ ہی درختوں کے بڑےسے بڑا تنا بھی اپنی سونڈ کی مدد سے اُکھاڑ سکتا ہے، اس کے علاوہ ہاتھیوں کی دیکھنے کی صلاحیت بھی بہت تیز ہوتی ہے۔

ہاتھیوں کی جلد بہت حساس ہوتی ہے، ان کے لیے خود کو دھوپ، کیڑوں کے کاٹنے اور نمی کے نقصان سے بچانے کے لیے کیچڑ سے نہانا بہت ضروری ہوتا ہے۔

ہاتھی ایک ہوشیار اور  جذباتی جانور ہے، اگر ان کے خاندانی گروہ کا کوئی فرد زخمی ہوتا ہے تو دیگر ہاتھی آکر اُس کی مدد کرتے ہیں اور جب اُن کا کوئی ساتھی ہاتھی گُم ہوجاتا ہے تو وہ اپنی پوری کوشش اُس کی تلاش میں لگا دیتے ہیں۔

مادہ ہاتھی کےحمل کی مدت تقریباََ دو سال ہوتی ہے جو تمام جانوروں میں سب سے طویل ہے اور پیدائش کے وقت ہاتھی کےبچے کا وزن 120 کلو گرام ہوتا ہے۔

تازہ ترین