کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے ریلوے کی کارکردگی کو انتہائی ناقص قرار دیتے ہوئے ریلوے کی تمام زمینوں کی فروخت، ٹرانسفر اور لیز پر پابندی لگاتے ہوئے وفاقی حکومت سے 2 دن میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ریلوے حادثہ پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اتنا بڑا حادثہ ہوا مگر کچھ فرق نہیں پڑا۔ میں تو سمجھا تھا وزیر ریلوے پریس کانفرنس میں استعفیٰ دینے کا اعلان کرینگے۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل تین رکنی بینچ کے روبرو کالا پل پر ریلوے اراضی پر پارک بنانے اور سرکلر ریلوے سے متعلق سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے 2 سال ہوگئے آرڈر کیے، پارک آج تک نہیں بنایا۔ کالا پل ریلوے اراضی پر ملبہ بھرا پڑا ہے۔