اسلام آباد (ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی تقریر کے دوران حکومتی ارکان نے شدید شور شرابہ اورنعرے بازی کی‘ تقریر شروع ہوتے ہی حکومتی بینچوں سے احتجاج شروع ہوگیا اوراور ڈیسک بجاتے رہے۔ جواب میں اپوزیشن اراکین بھی نعرے لگاتے رہے ،دونوں جانب سے شدید نعرہ بازی کے باعث اسپیکر اسد قیصر کو کارروائی بیس منٹ کیلئے ملتوی کر نا پڑی ۔پیر کو قومی اسمبلی میں شہباز شریف نے بجٹ پر بحث کا آغاز کیا تو حکومتی ارکان نے شدید نعرہ بازی شروع کر دی۔شہباز شریف کوشاہ محمود قریشی کی قیادت میں تحریک انصاف کے ارکان نے ہنگامہ آرائی اورشور شرابا کرتے ہوئے بجٹ پر تقریر نہ کرنے دی، پارلیمانی تاریخ کا پہلا موقع ہے اپوزیشن لیڈر کو تقریر سے روک دیا گیا، کارروائی تین گھنٹے تک معطل رہی، شہباز شریف پانچ منٹ اظہار خیال کرسکے۔ایوان میں ہنگامہ آرائی کے سبب اسپیکر اسد قیصر نےاجلاس کی کارروائی کو کچھ دیر کے لیے معطل کردیا۔انہوں نے کہا کہ میں حکومت اور اپوزیشن سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سنیں اور دونوں جانب کے وہپ سے کہا کہ اس حوالے سے معاملات طے کریں۔