پاکستان سپر لیگ کا میلہ ابوظہبی کے شیخ زائد اسٹیڈیم میں جاری ہے، جنوبی افریقا میں پیدا ہونے والے نیوزی لینڈ کے کولن منرو کی برق رفتار اننگز کا ہر جانب چرچہ ہے۔پاکستان ٹیم سے ڈراپ شعیب ملک نے ایک بار پھر سوئے ہوئے سلیکٹرز کو جگانے کی کوشش کی ہے۔بابر اعظم نے اپنے لئے تو زبردست اننگز کھیلی ۔ بابر اعظم کی جانب سے ناقابل شکست 85 رنز کی بھرپور مزاحمت بھی کراچی کنگز کو میچ میں فتح نہ دلاسکی. انہوں نے 63 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکے اور 4 چھکے مارے لیکن بڑے اسکور کے لئے یہ کارکردگی ناکافی تھی۔
کراچی کنگز نے مجموعی طور پر سست بیٹنگ کی، جس کی وجہ سے انہیں میچ کے آخری اوور میں جیت کے لیے 23 رنز درکار تھے مگر وہ صرف 10 رنز ہی بناسکے.کراچی کنگز میچ ہار گئی،مین آف دی میچ ملتان سلطانز کے رائیلی روسو کو 24 گیندوں پر 44 رنز کی جارحانہ اننگز پر ملا۔بابر اعظم کی کوشش یقینی طور پر قابل تعریف ہے لیکن بابر کی اننگز کا اگر رائیلی روسو کی اننگز سے کیا جائے تو یہی بات سامنے آہے کہ کم گیندوں پر بیٹسمین جو بھی کارکردگی دکھائے اس کی اننگز انفرادی کوشش کے بجائے ٹیم کے کام آئے۔بابر اعظم کے ٹی ٹوئینٹی میں نائب کپتان شاداب خان کی انفرادی کارکردگی پر سوال اٹھائے جارہے ہیں ابتدائی دو میچوں میں شاداب نے کپتانی میں متاثر نہیں کیا اور ان کی بیٹنگ بولنگ بھی توقعات کے برعکس تھی۔
سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی میں بہتری نہ آسکی۔کولن منرو اور عثمان خواجہ نے اپنی ٹیم کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف فتح دلانے کے ساتھ ساتھ جارحانہ بیٹنگ کی بدولت کئی ریکارڈز پاش پاش کئے۔ لیگ کے 18ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 133 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ہدف کے تعاقب میں کولن منرو اور عثمان خواجہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں ہی اپنی ٹیم فتح دلا کر ناصرف قیمتی پوائنٹس دلا دئیے بلکہ نت نئے ریکارڈز بھی قائم کئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 10 اوورز قبل ہی ہدف حاصل کر لیا اور اس طرح وہ پی ایس ایل میں یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی ٹیم بن گئی۔دونوں کھلاڑیوں کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت یونائیٹڈ نے ابتدائی چھ اوورز میں پاور پلے کا بھرپور استعمال کیا اور 97 رنز بنائے جو پی ایس ایل میں ریکارڈ ہے۔مجموعی طور پر پاور پلے میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ ناٹنگھم شائر کے پاس ہے جنہوں نے 2017 میں ڈرہم کے خلاف 106 رنز اسکور کیے تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے ناقابل شکست 137 رنز کی شراکت قائم کی اور پی ایس ایل میں تیز ترین سنچری شراکت کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، دونوں نے سنچری بنانے کے لیے 38 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔
اس سے قبل تیز ترین سنچری شراکت کا ریکارڈ گلیڈی ایٹرز کے پاس تھا اور 2017 میں سرفراز احمد اور کیون پیٹرسن نے محض 7.3 اوورز میں سنچری مکمل کی تھی،کولن منرو نے 5 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی. اس دوران انہوں نے صرف 20 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔دونوں اوپنرز نے محض 38 گیندوں پر 100 رنز کی شراکت قائم کی۔ عثمان خواجہ 27 گیندوں پر 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پانچویں شکست کے بعد کوئٹہ کا ٹورنامنٹ میں واپس آنا آسان نہیں ہے لیکن نا ممکن بھی نہیں ہے۔
پاکستانی سلیکٹرز نے شائد عمر کو بہانہ بناکر تجربہ کار شعیب ملک کو ٹیم سے باہر کیا ہوا ہے۔شعیب ملک کو جہاں موقع ملتا ہے وہ اپنی کارکردگی سے سلیکٹرز کو غلط ثابت کررہے ہیں۔لاہور قلندرز کے خلاف شعیب ملک نے مزاحمت سے بھرپور اننگز کھیلی ہے انہوں نے 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی اننگز کھیلی لیکن میچ کے اختتام سے کچھ لمحے قبل ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ ہٹ وکٹ ہو گئے، افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان زبردست کارکردگی دکھا کر شہ سرخیوں میں ہیں۔لاہور قلندرز کےراشد خان نے اسلام آباد کے خلاف ایک وکٹ لی لیکن ان کے چار اوورز میں صرف 9رنز بنےشاداب خان نے خود آخری اوور کرانے سے گریز کیا اور حسین طلعت کو آخری اوور دینے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا۔
ٹورنامنٹ میں چوتھی جیت کے ساتھ قلندرز نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ۔بولروں کی اچھی کارکردگی کے بعد بیٹسمینوں نے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا۔سلو اور مشکل وکٹ کا قلندرز نے بہتر استعمال کیا۔ایک موقع پر جیت مشکل دکھائی دے رہی تھی لیکن راشد خان نے حسین طلعت کے آخری اوورمیں تین مسلسل چوکے مارے اور ہدف کو آسان کردیا۔میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔
قلندرز نے اسلام آباد کو تین سال بعد پی ایس ایل میں شکست دی۔پاکستان سپر لیگ کے دوران کھلاڑی زخمی بھی ہورہے ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر فہیم اشرف انجری کا شکار ہوگئے جس کے باعث آئندہ میچز میں ان کی شرکت مشکوک ہے۔ فہیم اشرف کو بولنگ کے دوران بائیں ہاتھ پرانجری ہوئی اور5 ٹانکے لگے۔فہیم اشرف کو25جون کو پاکستان ٹیم کے ساتھ انگلینڈ کا دورہ بھی کرنا ہے۔
جمعرات کو ترجمان اسلام آباد یونائیٹڈ کے مطابق لاہور قلندر کیخلاف میچ میں فہیم اشرف انجری کا شکار ہوئے، انگوٹھےکی انجری کا شکار فہیم اشرف کو ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آندرے رسل کے سر پر گیند لگی انہیں بھی اسپتال جانا پڑا۔پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی چند دنوں میں پاکستان ٹیم کے کئی کھلاڑی بجھے بجھے دکھائی دیئے اور غیر ملکی کھلاڑی حاوی نظرآئے، ابھی ٹورنامنٹ کے کافی میچ باقی ہیں۔سلو پچ اور گرم موسم میں غیر ملکی کرکٹرز زیادہ پروفیشنل دکھائی دے رہے ہیں۔