• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سعد قریشی کی والدہ عالمی وبا کورونا وائرس سے انتقال کرگئیں۔

سعد قریشی نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری شیئر کرکے مداحوں اور دوستوں کو اپنی والدہ کے انتقال کی افسوسناک خبر دی۔

اداکار نے بتایا کہ ’اُن کی والدہ انتقال کرگئی ہیں اور وہ گزشتہ 56 روز کورونا وائرس کی وجہ سے اسپتال میں داخل تھیں جہاں انتہائی نگہداشت وارڈ میں اُن کا علاج جاری تھا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اگرچہ! میری والدہ نے مجھے بہت سی چیزیں سکھائیں لیکن اپنے آخری دنوں میں جس طرح سے اُنہوں نے اپنی بیماری کا مقابلہ کیا اس سے مجھے طاقت اور ہمت ملی۔‘

سعد قریشی نے مداحوں اور دوستوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’اپنے اِن انمول رشتوں کی قدر کیجیے۔‘

اداکار نے کہا کہ ’میں آئی سی یو میں اپنی والدہ کے ساتھ ہر وقت ہوتا تھا، وہاں روزانہ موت دیکھ کر میرے اندر کافی بدلاؤ آیا ہے۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’میری امّی جان جاتے جاتے بھی مجھے بہت کچھ دے کر گئی ہیں۔‘

واضح رہے کہ سعد قریشی نے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنے کیرئیر کا آغاز جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت 2‘ سے کیا تھا اور اب تک وہ کئی دیگر ڈراموں میں بھی جلوہ گر ہوچکے ہیں۔

تازہ ترین