پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان کے والد انتقال کرگئے۔
معروف فوٹو گرافر عبدالصمد ضیاء نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر سارہ خان کی شادی کی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے۔
مذکورہ تصویر میں سارہ خان اور فلک شبیر اداکارہ کے والد کو بوسہ دیتے نظر آرہے ہیں۔
عبدالصمد ضیاء نے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’سارہ خان کے والد گزشتہ رات انتقال کرگئے۔‘
اُنہوں نے سارہ خان کے والد کی مغفرت کے لیے بھی دُعا کی۔
فوٹو گرافر نے لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ سارہ خان سمیت اُن کے اہلخانہ کو اس مشکل گھڑی میں صبر و جمیل عطا کرے آمین۔‘
واضح رہے کہ رواں سال 17 جولائی کو اداکارہ سارہ خان اور نامور گلوکار فلک شبیر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شوبز انڈسٹری کی اس جوڑی کو 2020ء کی بہترین جوڑی قرار دیا گیا تھا۔