پاکستان سمیت سرحد کے اُس پار، بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دِکھانے والی خوبرو اداکارہ حمیمہ ملک نے وزیرِ تعلیم شفقت محمود اور وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کو سیاستدانوں میں سب سے بڑا اداکار قرار دے دیا۔
حال ہی میں حمیمہ ملک نے اپنی بہن دُعا ملک کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے میزبان کے سوالات کے دلچسپ جوابات دیے۔
شو کے دوران میزبان نے حمیمہ ملک اور دُعا ملک سے سوال کیا کہ ’وہ کونسا ایسا سیاستدان ہے جو آپ کو سب سے بڑا اداکار لگتا ہے؟‘
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے دُعا ملک نے کہا کہ ’مجھے مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب سیاستدانوں میں سب سے بڑی اداکارہ لگتی ہیں۔‘
دوسری جانب حمیمہ ملک نے کہا کہ ’مجھے شیخ رشید اور شفقت محمود سیاستدانوں میں سب سے بڑے اداکار لگتے ہیں۔‘
شو کے دوران حمیمہ ملک نے یہ بھی بتایا کہ ’وہ پاکستان کی وہ اداکارہ ہیں جو سب سے زیادہ معاوضہ لیتی ہیں تاہم اُنہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کتنا معاوضہ لیتی ہیں۔‘
حمیمہ ملک نے پاکستان کے ایوارڈ شوز کا مذاق اُڑاتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان دُنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں صابن کے نام پر ایوارڈ شوز ہوتے ہیں جو کہ بہت عجیب ہے۔‘
خیال رہے کہ حمیمہ ناصرف پاکستان فلم انڈسٹری میں اپنی اداکاری کے جوہر دِکھا چکی ہیں بلکہ وہ پڑوسی ملک بھارت میں بھی بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی کے ساتھ اُن کی فلم میں مرکزی کردار ادا کرچکی ہیں۔
حمیمہ ملک نے 2010 میں اداکار شمعون عباسی سے شادی کی تھی لیکن یہ شادی صرف 2 سال ہی چل سکی تھی اور اس جوڑے نے 2012 میں اپنے راستے الگ کرلیے تھے۔