• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمان علی کو ذہنی طور پر مدد کی ضرورت ہے: متھیرا کا مشورہ

پاکستانی ماڈل، گلوکارہ، اداکارہ و میزبان متھیرا نے ایمان علی کے حالیہ بیان پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اداکارہ کو ذہنی طور پر مدد کی ضرورت ہے۔

متھیرا نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام کا رُخ کرتے ہوئے اداکارہ ایمان علی کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔

متھیرا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ’خُسرہ‘ یا ’ماسی‘ جیسے الفاظ کسی کی توہین کرنے کے لیے کیوں استعمال ہوتے ہیں۔‘ 

اُنہوں نے کہا کہ ’ایمان علی ایک بہت ہی خوبصورت خاتون ہے اور اسے ذہنی طور پر مدد کی ضرورت ہے لیکن براہِ کرم! اس طرح کے الفاظ استعمال نہ کریں جس سے کسی کی توہین ہو۔‘

متھیرا نے ایمان علی کا ساتھ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے معاشرے میں دماغی صحت ایک بہت بڑی تشویش ہے اور وہ لوگ جو کمنٹ سیکشن میں ایمان کو ٹرول کررہے ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جو دوسروں کی توہین کے لیے ایسے الفاظ استعمال کرتے ہیں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’براہ کرم! اس بیان کو مزید اُجاگر کرنا بند کریں، ایسا کرنے سے ایمان جیسے تنقید کا شکار لوگ مزید ذہنی اذیت میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ حال ہی میں ایمان علی ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شریک ہوئی تھیں جہاں اُنہوں نے انکشاف کیا تھا کہ اُنہیں اپنا چہرہ بالکل پسند نہیں ہے، ساتھ ہی انہوں نے اپنے چہرے کو خواجہ سرا سے تشبیہ دی تھی۔

ایمان علی کے اس بیان پر جہاں خواجہ سراؤں کی جانب سے اداکارہ کو خواب کرارے جواب دیے گئے تو وہیں سوشل میڈیا صارفین نے بھی اُنہیں تنقید کا نشانہ بنانے میں کثر نہ چھوڑی۔

تازہ ترین