وزیراعظم نواز شریف سکھر ملتان موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے کل سکھر پہنچ رہے ہیں۔ تقریب کے لیے بڑا خیمہ تیار کیا گیا ہے جہاں گرمی کے پیش نظر دو چار نہیں 10ہیوی ایئرکنڈیشنر لگائے گئے ہیں۔
اسٹیج پر بھی بیس سے زائد پاور اسپلٹ نصب کیے جارہے ہیں، راتوں رات ہی 11 ہزار وولٹ کے 4 کھمبے بھی نصب کردیئے اور 200کلوواٹ کا ٹرانسفارمر بھی لگادیاگیا ہے جبکہ 10 جنریٹر بھی پہنچا دیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف کل سکھر پہنچیں گے، ان کے شاندار استقبال کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ روہڑی کے ویران علاقے میں جنگل میں منگل کا سماں ہے۔
چار دن سے ڈھائی سو مزدور ایک بڑا خیمہ لگانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں، خیمے میں 2 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ 10ہیوی اے سی پلانٹ لگائے گئے ہیں جن کے لئےایک ہزار کلوواٹ کے 10ہیوی جنریٹر بھی پہنچا دیئے گئے ہیں۔
گرمی کے پیش نظر اسٹیج پر 20 سے زائد پاور اسپلٹ نصب کئے جارہے ہیں۔سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی نے راتوں رات ہی 11ہزار ووٹ کے 4 پول بھی نصب کردیئے اور 200 کلوواٹ کا ٹرانسفارمر بھی لگادیا۔
وزیراعظم دورے میں سکھر ملتان موٹر وے سیکشن کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ سڑک 392 کلومیٹر طویل ہے جو لاہور کراچی موٹر وے منصوبے کا حصہ ہے۔
سکھر ملتان موٹر وے 6 رویہ ہوگی جس پر 319 ارب روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ دسمبر 2017 ءمیں مکمل ہوگا۔