لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ قوم کی حقیقی ترجمانی کرنے میں ناکام ہوگئی عوام بدحال، حکومت مہنگائی کنٹرول کرے ورنہ سڑکوں پر آئینگے۔ عوامی نمائندوں کو عوام کا احساس ہو تو اسمبلیاں میدان جنگ میں تبدیل نہ ہوں ۔ سیاست سے اخلاقیات کب کی روانہ ہوچکی۔ حکومت نے تین سالوں میں بائیس کروڑ پاکستانیوں کومصیبت اور پریشانی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ایک بھی وعدہ پورا کیا ہے تو سامنے لائیں۔ بیروزگاری کا طوفان بے قابو اور مہنگائی نے لوگوں کو بدحال کردیا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ ملک کی تینوں نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں سرمایہ داروں اور فیوڈل لارڈز کے کلب ہیں ۔پی ٹی آئی نے تبدیلی کے بلند بانگ دعوے کیے مگر ان میں سے ایک بھی پایہ تکمیل کو نہیں پہنچا ۔ عوام کے مسائل اور پریشانیوں کے حل کے لیے حقیقی معنوں میں مدینہ کی ریاست قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے مدینہ کی ریاست کے نام پر عوام سے بڑا دھوکہ کیا جس کا جواب انہیں دینا پڑے گا ۔ جماعت اسلامی ہی حقیقی معنوں میں ملک میں پائیدار اسلامی جمہوری نظام لے کر آئے گی ۔ اقتدار میں آکر انصاف لوگوں کی دہلیز پر پہنچائیں گے اور ملک کے تمام اداروں میں ریفارمز لائی جائیں گی۔