پی ایس ایل کی ٹیم ملتان سلطانز کے بولر شاہنواز دھانی اپنی بولنگ کی وجہ صلاحیتوں سے تو کرکٹ کی دنیا میں نام بنا ہی رہے ہیں لیکن شائقین کرکٹ گراؤنڈ میں ان کے منفرد جشن کے اسٹائل سے بھی خوب محظوظ ہوتے ہیں۔
شاہنواز دھانی کا کارلوس بریتھ ویٹ کے ساتھ ٹیلی فون کی گھنٹی والے جشن کا اسٹائل تو سب کو معلوم ہی تھا، گزشتہ روز کے میچ میں انہوں نے سیلفی اسٹائل بھی متعارف کروایا ہے۔
پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ نے تو دھانی کے جشن کے اسٹائل کو ’سیلفی بریشن‘ کا نام ہی دے دیا ہے۔
سیلفی اسٹائل اس سے قبل پی ایس ایل میں ہی ڈیرن سیمی بھی اپنا چکے ہیں۔
شاہنواز دھانی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف میچ میں آخری وکٹ لے کر بلیسنگ مضربانی کے ہمراہ سیلفی اسٹائل سے جشن منایا۔
ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’سلطانز کا تو اسٹائل ہی الگ ہے۔‘
سوشل میڈیا صارفین اپنے پیغامات میں کہتے نظر آرہے ہیں کہ پی ایس ایل ویسے ہی کسی عید سے کم نہیں تھا لیکن اب شاہنواز دھانی نے ایک الگ ہی رونق لگادی ہے۔