پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ اللّٰہ کی لاٹھی بے آواز ہے، آج نواز شریف دربدر ہیں۔
کراچی میں احتجاجی ریلی سے آڈیو خطاب میں ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا 7 سال بعد بھی انصاف کے منتظر ہیں۔
انھوں نے کہا کہ قاتل اقتدار میں تھے تو انصاف نہ ملنے کی وجہ سمجھ آتی ہے، عمران خان کی حکومت ہے تو اب قاتلوں کو سزا کیوں نہیں مل رہی؟
سربراہ پی اے ٹی کا کہنا تھا کہ جانتے ہیں عمران خان نہ ظالم ہیں نہ قاتل پھر انصاف کیوں نہیں مل رہا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سزا کی بجائے سانحہ کے ذمہ دار پولیس افسران مراعات سے نوازے جارہے ہیں۔
علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ بے گناہوں کو شہید کرنے والے آج عبرت ناک انجام سے دوچار ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف کا اقتدار ختم ہوچکا۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف آج در بدر ہیں، اللّٰہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم انصاف اور قاتلوں کو سزا دلانے کی جدوجہد کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بتائے کہ انصاف کی راہ میں کیا اور کون رکاوٹ ہے۔
قاضی زاہد حسین کا یہ بھی کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم بر بنی جے آئی ٹی کی رپورٹ منظرِ عام پر لائی جائے۔