• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس ہمارے حقوق کی انکروچمنٹ پر بھی فیصلہ دیں، خالد مقبول صدیقی


کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس سے اپیل ہے ہمارے حقوق کی انکروچمنٹ پر بھی فیصلہ دیں، کراچی والوں کو دیوار سے ہی نہیں لگایا، چن دیا گیا ہے۔

کراچی میں ایم کیو ایم رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ سپریم کورٹ کے تجاوزات گرانے کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں، اس فیصلے پر عمل درآمد کی آڑ میں جو ہو رہا ہے اس کے خلاف ہیں۔

خالدمقبول صدیقی نے کہاکہ جعلی نتائج کے ذریعے انسانی حقوق کی انکروچمنٹ کے لئے اپیل کی ہے، کراچی میں مردم شماری پر ڈنڈی نہیں ڈنڈا مارا گیا ہے، جعلی ڈومیسائل کے ذریعے ایک لاکھ نوکریاں چھینی گئی ہیں۔

کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہاکہ 2 سال سے تجاوزات ختم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، ایم کیو ایم بھی تجاوزات کے خلاف ہے، تجاوزات کی اجازت دینے والوں کو گرفتار کیا جانا چاہیے، شہر کی زمینوں پر قبضوں کے خلاف ایک کمیشن قائم کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ 35 سال سے کراچی کے شہریوں کو دھوکہ دیا جا رہا ہے، عدالتی فیصلوں پر انصاف سے عمل نہیں کیا جارہا ہے، سیاسی حقوق پر بھی تجاوزات ہورہی ہیں۔

اس موقع پر سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ میں نے بطور میئر سپریم کورٹ کے حکم پر دکانیں گرائیں، مگر پہلے ان دکانوں کے تمام لوگوں کو متبادل دیا گیا۔

وسیم اختر کاکہنا تھا کہ چیف جسٹس صاحب پانی، بجلی اور دیگر مسائل بھی ہیں، آپ سے اپیل ہے کہ ان معاملات کو بھی آپ دیکھیں، صرف غریب لوگوں کے مکانات گرائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کی زمینوں پر اربوں روپے کی تجاوزات ہورہی ہیں، اس طرح کیسے چلے گا، کراچی کے لوگ تنگ آگئے ہیں۔

تازہ ترین