• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منہ ٹیڑھا کرکے انگریزی بولنے سے کرپشن کے داغ نہیں دھلیں گے، حماد اظہر

منہ ٹیڑھا کرکے انگریزی بولنے سے کرپشن کے داغ نہیں دھلیں گے، حماد اظہر


اسلام آباد (ایجنسیاں )وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو پر جوابی وار کرتے ہو ئے کہا ہےکہ منہ ٹیڑھا کرکے انگریزی بولنے سے کرپشن کے داغ نہیں دھلیں گے‘جنہوں نے کبھی کاروبار نہیں کیاوہ ہمیں بتائیں گے معیشت کیسے چلانی ہے، ہمیں آج نابالغ لیکچر ملا،پیپلز پارٹی آئی ایم ایف کے پاس سب سے زیادہ گئی ہے ۔

ہم ٹین اور 20پرسنٹ کی بنیاد پر نہیں آئے ‘عوام نے ہمیں کارکردگی پر منتخب کیا ہے ‘بلاول عوام کی بات انگلش اور امریکا کو اڈے نہ دینے کی بات اردو میں کرتے ہیں۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو کی بجٹ تقریر میں اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور میں ایک سال بھی ایسا نہیں گزرا جس میں حکومت چار فیصد کی بڑھوتری حاصل کر چکی ہو۔ 

مہنگائی کی شرح پیپلز پارٹی کے دور میں پہلے سال میں 21 فیصد ، دوسرے سال میں 11.7 فیصد، تیسرے سال 13.7 فیصد اور چوتھے سال میں 11 فیصد ہو گئی تھی۔ 

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ذکر بھی کیا گیا۔ کیا یہ وہی پروگرام تو نہیں جس پر فرزانہ راجہ 150 کروڑ روپے کے ساتھ مفرور ہیں ۔پیپلز پارٹی کے دور میں نااہلی کو چھپانے کے لئے سرکاری اداروں میں استعداد سے زیادہ بھرتی کی گئی۔

حماداظہرکا کہناتھاکہ ہمیں طعنہ دیا گیا ہے کہ حلقوں میں کیسے سامنا کریں گے میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ہم اپنے حلقوں میں فخر سے جاسکتے ہیں کیونکہ ہمارے حلقوں میں کتے کاٹنے کی بیماری نہیں ہے اور نہ ہی ایچ آئی وی کے کیسز ہیں۔ ہمارے حلقوں میں موہنجوداڑو والی صورتحال نہیں ہے۔ 

اگر کرپشن کی بنیاد پر ترقی ہوتی تو سندھ پاکستان کا کیلی فورنیا ہوتا۔ اگر دیکھا ہو کہ کرپشن کس طرح تباہی پھیلاتی ہے تو سندھ کو دیکھنا چاہیے۔ حماد اظہر نے کہا کہ اسٹیل ملز موجودہ حکومت نے نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2015ءمیں بند کی تھی۔ 

1990ءمیں سلمان فاروقی کا اسکینڈل اور 2008ءمیں ریاض لال جی کا سکینڈل پیپلز پارٹی کے دور میں ہوا۔ان کا کہناتھاکہ بلاول بھٹونے زندگی میں کوئی کام نہیں کیا۔ 

باپ دادا کے سر پر یہاں تک پہنچے یہی وجہ ہے کہ بچگانہ بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں جو سیاسی انقلاب آیا، سندھ کے تمام دیہی علاقوں میں یہ انقلاب آنے والا ہے، چوہے صرف سندھ کی گندم نہیں کھا گئے بلکہ سارا سندھ کھا گئے۔ 

حماد اظہر نے کہا کہ یہ وہی پیپلزپارٹی ہے جو اپنے دور میں امریکہ کو کہتی تھی کہ ڈرون حملے کرتے رہو ہم مذمت کرتے رہیں گے، لوگ مرتے ہیں تو مر جائیں ‘یہ سندھ میں مٹھی بھر جاگیرداروں کو ڈرا دھمکا کر حکومت بنا لیتے ہیں۔ اب ایسا نہیں ہو گا۔

تازہ ترین