• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالیہ وائس چانسلرز HEC کی شرائط پر پورا نہیں اترتے، ڈاکٹر عاصم

کراچی(سید محمد عسکری) چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عاصم حسین نے سندھ کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرری کے سلسلے میں قائم تلاش کمیٹی کو کام کرنے سے روکنے اور اس کی تنظیم نو کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تلاش کمیٹی کی جانب سے تقرر کئے گئے حالیہ وائس چانسلرز ہائر ایجوکیشن کمیشن کی شرائط پر پورا نہیں اترتے، پسندیدہ امیدوار کی تقرری کے سلسلے میں قواعد میں نرمی کردی جاتی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو لکھے گئے خط میں چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کہا ہے کہ میرے پاس ثبوت نہیں لیکن یقینی طور پر اخلاقی بدعنوانی موجود ہے اور ٖغیرموزوں افراد کو وائس چانسلرز مقرر کیا گیا ہے جو سامان اٹھاتے ہیں۔ خط کی کاپی مشیربورڈز و جامعات نثار احمد کھوڑو کو بھی بھیجی گئی ہے۔ 

خط میں ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ انہوں نے سیکرٹری جامعات اور بورڈز سے بات کی مگر انہوں نے مجھے ان لوگوں کے بارے میں تفصیلات دینے سے انکار کردیا جنہوں نے مطلوبہ عہدوں کے لئے درخواست دی تھی۔ 

خط میں وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والی وائس چانسلرز کی تقرریوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے اورتلاش کمیٹی کو اس کی تنظیم نو ہونے تک کام سے روک دیا جائے۔ 

یاد رہے کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی، سندھ مدرستہ اسلام یونیورسٹی، لیاری یونیورسٹی پیپلز میڈیکل یونیورسٹی سمیت دیگر کئی جامعات میں وائس چانسلرزکے تقرر کے سلسلے میں تلاش کمیٹی پرسواالات بہت اٹھائے گئے اور بعض میں تو معاملات عدالت تک چلے گئے۔

تازہ ترین