• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کے ہر حصے کی اپنی اہمیت ہوتی ہے، اسی طرح صحن کی بھی اپنی خاصیت اور افادیت ہے۔ یہ گھر کی خوبصورتی میں تو کردار ادا کرتا ہی ہے لیکن اس سے بڑھ کر بھی اس کا ایک کام ہے۔ اگر ہمارے ملک کی بات کریں تو یہاں جتنا سردیوں میں صحن کا استعمال ہوتا ہے، گرمیوں میں بھی اس کا استعمال اتنا ہی مؤثر رہتا ہے۔ 

صحن، جہاں سردیوں میں بیٹھ کر دھوپ سینکی جاتی ہے تو کئی علاقوں میں گرمیوں کی راتوں میں چار پائیاں بچھا کر سویا بھی جاتا ہے۔ گھر کا ہر حصہ صحن سے ہو کر گزرتا ہے تو کیا یہ عقلمندی کی بات ہے کہ جب گھر سجانے کی بات آئے تو صحن کو یکسر نظر انداز کر دیا جائے؟ 

ہم جانتے ہیں کہ آپ صحن کی باقاعدگی سے صفائی کرتے ہیں مگریقین رکھیں کہ گھر والوں کے مزاج کو خوشگوار بنانے کے لیے اس کی سجاوٹ بھی اتنی ہی اہم ہے۔ سبزے کا کردار صحن کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے۔ سبزہ، صحن کو قدرتی حسن سے مالامال کردیتا ہے اور اس قدرتی خوبصورتی کے آپ خود بھی گن گاتے نہیں تھکیں گے۔ صحن یا تو بہت اچھے ہو سکتے ہیں یا بہت برُے۔ 

اسے ٹھیک سے بنالیا جائے تو یہ گھر میں لطف اُٹھانے کے لیے قیمتی سماجی جگہ بن جائے گی۔ لیکن اگر آپ نے اسے ایسے ہی چھوڑ دیا تو اس کا تاثر کچھ زیادہ اچھا نہیں پڑے گا۔ بہت سے لوگ اپنے گھر کے بیرونی حصے کو بہتر اور جدید بنانے کے خواب دیکھتے رہتے ہیں، ان کے خوابوں میں زیادہ تر ایک خوبصورت صحن کا اضافہ شامل ہوتا ہے۔ یہ یقینی طور پر ہلّہ گلّہ کرنے اور ملنے جلنے کے لیے شاندار جگہ ہوتی ہے۔ اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ صحن آپ کے گھر کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس کی قدروقیمت بھی بڑھاتا ہے۔

پودوں سے سجاوٹ

اگر آپ مکان میں رہتے ہیں اور اس میں سبزہ زار نہیں ہے تو یہ بہت بڑی زیادتی والی بات ہے۔ پودے اور درخت وغیرہ صرف گھر کی خوبصورتی کے لیے ہی نہیں ہوتے بلکہ ماحولیاتی تبدیلیوں اور بڑھتے عالمی درجہ حرارت کا مقابلہ بھی کرتے ہیں۔ لہٰذا، اس بات کا تہیہ کرلیں کہ آپ جب بھی نئی تعمیر یا تزئین و آرائش کا کام کریں گے، سبزے کو بنیادی اہم دیں گے۔ سبزے میں ہی آپ کی زندگی ہے اور سبزے سے ہی زندگی کا حسن ہے۔ 

صحن کو پودوں اور پھولوں سے سجانے کے بہت سارے طریقے ہیں۔ صحن کی سجاوٹ میں پودوں اور پھولوں کا استعمال اس کے ڈیزائن میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ آپ انہیں رنگ برنگے گملوں میں لگا کر اپنے صحن کی دیواروں کے ساتھ لٹکا سکتے ہیں یا صحن کے فرش پر بھی رکھ سکتے ہیں۔ ہمارا مشورہ یہ ہے کہ آپ پودوں کی ایسی اقسام کا انتخاب کریں، جن کی دیکھ بھال آسان اور موسمی حالات سے موافق ہوں۔ سبزہ زار موسمِ گرما کو آپ کے لیے اچھا خاصا خوشگوار بنا سکتا ہے۔

بیٹھک کا انتظام

صحن چھوٹا ہو یا بڑا، اس کا سائز آپ کے ذوق کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔ آپ چھوٹے صحن کوبھی دلکش بناسکتے اور اپنے گھر کی خاصیت کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔ اپنے ذوق کے عملی نمونے اور اسٹائل کے لیے سب سے بہترین چیز اس میں استعمال ہونے والی اشیا جیسے فرنیچر کا انتخاب ہے۔ آرام دہ کرسیاں اور سادہ فرنیچر صحن میں آپ کی بیٹھک کو خوبصورت بنا سکتا ہے۔

صحن کا رقبہ

گھر تعمیر کرتے وقت اکثر لوگوں کی کوشش ہوتی ہے کہ محدود رقبہ کے باعث کمروں کو بڑے سے بڑا رکھا جائے، جس کے باعث صحن کے لیے محدود سی جگہ ہی بچ پاتی ہے۔ اگر آپ کا صحن چھوٹا ہے تو کوئی بات نہیں، آپ صحن کی جگہ کو استعمال کرتے وقت اپنی تخلیقی صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے اس کے ہر ایک انچ کا مؤثر استعمال کرسکتے ہیں۔ 

ہم کسی بھی چیز کو کم یا زیادہ کرنے کا خطرہ نہیں مول لے سکتے۔ فرنیچر کو اچھی طریقے سے رکھیں اور مختلف قسم کے سامان اور رنگوں کا استعمال کرتے ہوئے اس کی خوبصورتی میں اضافہ کریں۔ دیوار کے ساتھ اور دیوار پر لگے پودے اور لکڑی کی کرسیاں اور میچنگ تختے، منظر کو کافی دلکش بنا دیں گے۔

صحن کا جاپانی انداز

جاپان میں صحن کو باغیچے کی شکل دینے کے لیے جو طریقہ استعمال ہوتا ہے اسے ’زین‘ کہتے ہیں۔ اس قسم کے صحن کے باغیچے اپنے انداز کا اچھوتا نمونہ ہوتے ہیں۔ اس باغیچے میں مختلف آرائشی اور سجاوٹی اشیا استعمال کرتے ہوئے آپ اپنے صحن کو منفرد بنا سکتے ہیں۔ اس کا پورا فائدہ اُٹھانے کے لیے روشنیوں کا انتظام کرنا مت بھولیں۔ گرمیوں کی راتوں میں آپ یہاں راحت محسوس کریں گے۔

فطری اشیا کو کام میں لانا

لکڑی کے بنے گملوں میں جنگلی پھولوں کے بیج لگائیں اور پھر انھیں پھلنے پھولنے دیں۔ لکڑی کی کرسیاں اور تختےرکھیں اور ان کے درمیان میں سادہ مگر دلکش ٹیبل بھی۔ قدرتی خوبصورتی کا اس سے بہتر نظارہ تخلیق کرنا شاید ہی ممکن ہوگا۔ اس کے علاوہ، صحن میں لگانے کے لیےسب سے بہترین چیز قدرتی پتھر ہیں۔ 

آپ کو یہ مختلف شکلوں اور سائز میں مل جائے گا۔ حتیٰ کہ اس کا رنگ بھی آپ اپنی مرضی کے مطابق چُن سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ اپنی مرضی کے امتزاج بھی تیار کر سکتے ہیں۔ یہ وہ میٹریل ہے جو کہ قدرتی طور پر کافی بھاری ہوتا ہے، اس لیے آپ کو اسے لگانے کے لیے کسی کی مدد درکار ہوگی۔

موسمِ گرما میں آجکل لوگ گرمی سے بچنے کے لیے اپنے ایئرکنڈیشنر والے بند کمروں میں رہنا پسند کرتے ہیں، تاہم صحن پر تھوڑا سا کام کرکے اسے شام اور رات میں بیٹھنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، جہاں فطرت سے قریب ماحول آپ کی صحت پر خوشگوار اثرات مرتب کرے گا اور آپ خود کو تروتازہ محسوس کریں گے۔

تازہ ترین